آپکے بچے آپکی ذمّہ داری ہیں-
انکی تعلیم و تربیت کے معاملے میں کسی پر بھروسہ نہ کریں- بچوں کی زبان، انکے الفاظ، انکے لہجے، انکے جملے- سب آپکی ذمّہ داری ہیں- اور اگر آپ ان سب سے لاتعلقی اختیار کرتے ہیں- تو پھر معاشرے کو اسکا ذمّہ دار نہ ٹھرائیں- نہ نظام کو برا بھلا کہیں- نہ نظام چلانے والوں پر انگلی اٹھائیں-
کیونکہ آپکے بچے ہی بڑے ہو کر نظام چلنے چلانے میں حصّہ لیتے ہیں- جسطرح کی تربیت ہوتی ہے وہی وہ معاشرے کو لوٹا دیتے ہیں-
بچوں کی تربیت میں جو سب سے اہم چیز ہے وہ ہے "نہ بکنے کی صلاحیت"- نہ خود بکیں اور نہ ہی اپنے بچوں کو بکنے دیں- کیونکہ ایسے بچے بڑے ہوکر پہلے گھر اور خاندان کی عزت اور پھر ملک و قوم تک بیچ دیتے ہیں-
انہیں بتائیں کہ پیسہ عزت و غیرت سے بڑھ کر نہیں ہوتا- عزت و غیرت کے نقصان پیسہ کے نقصان سے بڑھ کر ہوتا ہے-
بالکل ایسے ہی- جیسے عزت و غیرت کی دولت سے بڑھ کر کوئی دولت نہیں ہوتی- اسکی آزمائشیں بہت زیادہ شدید ہوتی ہیں-
زندگی وقت ہے جو دیا گیا ہے معاملات کو صحیح آپشنز کے ساتھ ڈیل کرنے کے لئے- صحیح آپشنز کو استعمال کرنا جسے اسلامی اصطلاح میں "حکمت" کہا جاتا ہے- تو پھر بچوں کو ہر معاملے میں آپشنز اور صحیح آپشن کے انتخاب کا طریقہ سمجھائیں-
رَبِّ هَبۡ لِىۡ حُكۡمًا وَّاَلۡحِقۡنِىۡ بِالصّٰلِحِيۡنَۙ
اے رب مجھے عقل و دانش عطا فرما
اور مجھے صالحین سے ملا دے-
سوره الشعراء آیت ٨٣
بچوں کی آسانی کے لئے-
- اتوار کے دن کیا آپشنز ہیں دن گزارنے کے لئے؟ اور بہترین کون سے ہیں-
- ایک ہزار روپے بچ گۓ ہیں انہیں خرچ کرنے کے آپشنز اور بہترین آپشنز کیا ہیں-
- سالگرہ منانے کے لئے کیا کیا آپشنز ہیں اور بہترین کون سے ہیں-
- آج دو گھنٹے کی فرصت ہے- اس فرصت کو استعمال کرنے کی کیا آپشنز ہیں اور کون سی ہیں-
- آج شاپنگ جانا ہے- کن بہترین آپشنز کے ساتھ-
- گھر کی صفائی کرنی ہے تو کیا پلان ہو سکتے ہیں- کہاں سے شروع کریں- کون کیا کرے- کتنے وقت میں کام ختم کرتے ہیں-
اور ایسے ہی بہت سے معاملات بچوں کو سکھانے ہوتے ہیں- اور یہ کوئی استاد نہیں سکھا سکتا- یہ ذمّہ داری ہے والدین کی- اور خاص طور پر والدہ کی- ایسے ہی تو نہیں ماؤں کے قدموں کے نیچے جنّت رکھی- ایسے ہی تو نہیں ماؤں کو باپوں پر تین درجے فوقیت دی گئی-
اور ایسے ہی تو نہیں رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم نے فرمایا کہ "علم حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض ہے"-
تو ان خوابوں سے نکلیں جو زمانہ آپ پر مسلّط کرتا ہے کیونکہ وہ جھوٹے خواب ہیں- اور ان خوابوں کی تعبیر ڈھونڈیں جو اللہ ربّ العزت آپکو دکھاتا ہے- انبیاء علیھم السّلام نے آپکو دکھاۓ ہیں- کیونکہ وہ سچّے خواب ہیں-
No comments:
Post a Comment