اپنے بچوں کو بڑا آدمی بننے کے خواب نہ دکھائیں-
اچھا انسان بننے کے خواب دکھائیں-
کیونکہ اچھا آدمی ہی بڑا بھی ہوتا ہے-
اپنے بچوں کو مستقبل میں بڑے کام کرنے کے خواب دکھانے کے غم میں مبتلا کرنے کے بجاۓ اسی وقت چھوٹے چھوٹے کام کرنے کی خوشیاں دیں- کیونکہ بڑے کام تعداد میں کم اور چھوٹے کام تعداد میں زیادہ ہوتے ہیں- اور یہ چھوٹے چھوٹے کام دوسروں کی تعریف حاصل کرنے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا اور دل کا سکون حاصل کرنے کے لئے ہوتے ہیں- اس بات کی کوئی اہمیت نہیں کہ لوگ ان چھوٹے کاموں کو اہمیت دیتے ہیں یا نہیں-
ہمارے معاشرے کو بڑا آدمی بننے کے خوابوں نے بہت چھوٹا اور غیر محفوظ بنادیا ہے- جو معاشرے کے طے کردہ اصولوں کے مطابق 'بڑا آدمی" نہیں بن پاتا وہ حسرت و یاس میں مبتلا ہو جاتا ہے- ناشکرا ہو جاتا ہے- اسکا اپنی صلاحیتوں سے اعتبار آٹھ جاتا ہے- اسکا اپنی نیکیوں سے یقین آٹھ جاتا ہے- وہ اپنے اوپر نازل ہونے والی کروڑوں خیر و برکات کو نظر انداز کردیتا ہے- رب سے شکوہ- لوگوں کی شکایتیں- حکمرانوں پر الزامات- زمانے کو برا کہنا-
بچوں کو آزاد رہنا سکھائیں- اپنے بچوں کے عقائد اپنے گھروں میں مضبوط کریں- اپنے بچوں کا ایمان اپنے گھروں میں پختہ کریں- اپنے بچوں کی تربیت کی ذمّہ داری آپکی ہے تو اسے خود پورا کریں- اپنے بچوں کی ابتدائی تعلیم کا انتظام اپنے گھروں میں کریں- اپنے بچوں کے اخلاق خود سنواریں- اپنے بچوںکو ادب، عزت و احترام کرنا اپنے گھروں میں سکھائیں- اپنے بچوں کو سوال کرنا اپنے گھروں میں سکھائیں-
اپنے بچوں کو چیزوں کا احترام سکھائیں- چیزیں استعمال کرنے کے لئے ہوتی ہیں- ضائع کرنے کے لئے نہیں- خراب کرنے کے لئے نہیں- ہمارے آس پاس کے وسائل پر دوسروں کا بھی حق ہے- دوسروں کو انکے حق سے محروم کر کے ہم دوسروں کو ہمارے حق سے محروم ہونے کی اجازت دے رہے ہوتے ہیں-
اپنے بچوں کو اپنے کام سے کام رکھنا سکھائیں- سواۓ اس وقت کے کہ کسی کی جان پر بنی ہو- کوئی شدید تکلیف میں مبتلا ہو- کسی پر کوئی حادثہ گزرا ہوا- کسی کا کوئی بہت بڑا نقصان ہو گیا ہو- معاشرہ مصیبت میں ہو- ماحول آلودہ ہو- انسانیت خطرہ میں ہو- ظلم ہو رہا ہو- لوگوں کا حق مارا جا رہا ہو-
اپنے بچوں کو اچھے لوگوں کی سچی کہانیاں سنائیں- اس پر بحث کریں- کہانی میں برے کردار اچھے ہوتے یا اچھے کردار برے ہوتے تو کیا ہوتا- اچھے کے اچھے ہونے سے کیا فرق پڑتا ہے- برائی کو ختم کرنا کیوں ضروری ہے-
یہ سب کچھ کریں اس سے پہلے کہ آپکا بچہ اسکول جانے کے قابل ہو- یہی اصل ہوم اسکولنگ ہے-
ورنہ آپکا بچہ گھر سے باہر وہ سب کچھ سیکھے گا جس پر آپ بعد میں پچھتاتے ہیں-
No comments:
Post a Comment